آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیرقانونی کاروبار کیخلاف کارروائیوں سے ملک کو معاشی نقصانات سے نجات ملے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی جبکہ اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکاء کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا جبکہ فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کاروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ان تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
