Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف سیاسی انتقام کیلئے نہیں آرہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف سیاسی انتقام کے لئے نہیں آرہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے پرانا کاہنہ میں اپنے حلقے کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو نواز شریف کی وطن واپسی کی خوشخبری سنانے کے لئے حاضر ہوا ہوں،21 اکتوبر کو اس دھرتی کا بیٹا اور معمار پاکستان پاکستان واپس آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جرم یہ تھا کہ اس نے 20 ، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، فیکٹریاں، کارخانے، زراعت اور کاروبار سب کچھ لوڈشیڈنگ سے متاثر تھا، نواز شریف نے 2013میں منتخب ہو کر کہا کہ میں غیرحقیقی وعدہ نہیں کروں گا، 2017 میں نواز شریف کی قیادت میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف چین سے سی پیک کے منصوبے لے کر آیا اور 14 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کے لئے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کو مسترد کر دیا، نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد سے دہشت گردی ختم کر دی گئی لیکن اب 2 سالوں سے دوبارہ دہشت گردی ہو رہی ہے، آپ سوچیں کہ کس کے کہنے پر دہشت گردوں کو جیلوں سے رہا کیا گیا، نواز شریف نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دئیے، میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین بنائی۔

شہباز شریف نے کہا کہ خواب دکھانا بڑا آسان کام ہے لیکن عملی طور پر خون پسینہ بہانا بڑا مشکل کام ہے، ہم نے 16 ماہ ایک مخلوط حکومت چلائی جس کے دوران سیلاب بھی آیا، اگر نواز شریف کی قیادت میں اس میں سڑکوں و پلوں کا جال بچھایا گیا، ہسپتال، تعلیمی ادارے بنے تو اس سفر کو آگے چلنا چاہیئے تھا لیکن ایک سازش کر کے نواز شریف سے اقتدار ہی نہیں چھینا گیا بلکہ عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر بھی روک دیا گیا ہے، اس کے بعد کے 4 سالوں میں گالم گلوچ اور بے بنیاد جن الزامات لگائے گئے، نواز شریف نے نوجوانوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف دئیے تھے، سازش کر کے نواز شریف کو بدنام کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کیا ایسا قائد کا پاکستان بنانا تھا جہاں گالیاں دی جاتی ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف حکومت سے معاہدہ کر کے توڑ دیا تو ملک ڈیفالٹ ہونے لگا تھا، اگر ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو ملک میں ادویات نہ ملتیں اور معاشی تباہی ہوتی، آئی ایم ایف کی شرائط انتہائی کڑی تھیں لیکن وہ معاہدہ میں نے نہیں پی ٹی آئی کی حکومت نے کیا تھا،21 اکتوبر کو نواز شریف واپس آ رہا ہے تو ترقی و خوشحالی کے سازش کے تحت روکے گئے سفر کو وہ دوبارہ شروع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سیاسی انتقام کے لئے نہیں آ رہے، اللہ نے نواز شریف کو موقع دیا تو میں اور نواز شریف کی ٹیم ان کی قیادت میں ملک کی تقدیر بدل دے گی، نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے ساتھ  زیادتی کی گئی، بیٹی کو اور جماعت کے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا گیا لیکن انہوں نے اپنا معاملہ اللہ کی عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم اپنی جان لڑا کر ملک کو ترقی کی منازل کی جانب گامزن کریں گے، آپ نے نواز شریف کا فقید المثال استقبال کرنا ہے تاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع ہو سکے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

 

متعلقہ خبریں

Exit mobile version