حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر علماء و مشائخ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور ہے، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہم سب متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن افغانستان کا امن ہے اور افغانستان میں امن پاکستان کا امن ہے، ہم پڑوسی ہیں مل بیٹھ کر مسائل کو حل کرنا چاہیے، چالیس سال افغان بھائیوں کی مہمان نوازی کی، جو افغانی پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق رہ رہے ہیں مہمان نوازی کے لیے تیار ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کو اقلیت نہیں غیر مسلم بھائی کہیں گے، اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے، کشمیر جیل بنا ہوا ہے جبکہ مظلوم کشمیریوں پر مظالم جاری ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہندوستان نے کینیڈا میں دہشتگردی کی اور اسی طرح اس کی پوری دنیا میں دہشتگردی جاری ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے مستونگ اور ہنگو میں بارہ ربیع الاول پر واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وحشت اور بربریت ہے، ایسا کرنے والے دین اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں ،پچھلے دو ماہ میں حملوں میں تیزی آئی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
