سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس کل دو بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہو گا جس میں سندھ کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر غور ہو گا اور نیشنل ایکشن پلان، کچہ آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر اور دیگر قانون نافد کرنے والے اداروں کے سربراہ شرکت کرینگے۔
کل ہونے والے اجلاس میں غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی کے خلاف کریک ڈاؤن، کراچی سے غیر قانونی افغانیوں کو ڈی پورٹ کرنے پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں آئی جی سندھ پولیس افغانیوں کے جرائم میں ملوث ہونے کی رپورٹ پیش کرینگے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا چھٹا اجلاس ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف، نگران وفاقی کابینہ ارکان، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ایپکس کمیٹی نے ایس ایف آئی سی کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جاری مختلف اقدامات کا جائزہ لیا اور اجلاس کو سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سہولیات کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سرمایہ کاری پر اثر انداز ہونے والے اقتصادی عناصر بشمول اصلاحاتی عمل میں تعطل اور شدید خسارے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا جس پر ایپکس کمیٹی نے نجکاری کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا، کمیٹی نے طے شدہ اہداف کے حصول کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیرِ اعظم نے سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں نگران وزیرِاعظم نے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ کے تحت معیشت کو درپیش چیلینجز پر قابو پانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف نے معیشت کی بحالی و ترقی کیلئے پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















