نگراں پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث آشوب چشم کیسز میں نمایاں کمی آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں آشوب چشم کے کیسز 15 ہزارسے کم ہو کر2 ہزار پر آگئے ہیں، پنجاب کی نگراں حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کیے جانے والے بروقت اقدامات کے سبب آشوب چشم کے کیسز میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔
آشوب چشم کیسزسے متعلق نگراں وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ محسن نقوی نے اسکولوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فوری اقدامات سے آشوب چشم کے مریضوں میں غیرمعمولی کمی ہوئی ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری صحت نے آشوب چشم کے کیسز اور حفاظتی تدابیرسے متعلق بریفنگ بھی دی۔
خیال رہے کہ پنجاب میں آشوب چشم کی وبا مزید شدت اختیار کرگئی تھی، محکمہ پرائمری ہیلتھ کے مطابق پنجاب میں چوبیس گھنٹے کے دوران آشوب چشم کے 13 ہزار 732 مریض رپورٹ ہوئے تھے۔
رواں سال اب تک صوبے میں اس سلسلے میں 3 لاکھ 68 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔ آشوب چشم کے بڑھتے کیسز کے باعث صوبے میں 4 روز کے لیے میٹرک تک تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
