ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے مابین بے مثال تاریخی شراکت داری قائم ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبیت کی قیادت میں قطر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں قطر کے چیف آف اسٹاف کی سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور سمیت بین الاقوامی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ایئر چیف کا پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے اپنے وژن اور وسیع منصوبوں کا ذکر کیا گیا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النبیت کا پاک فضائیہ کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف بھی کروایا گیا۔
دونوں سربراہان نے الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجی کے شعبوں سمیت جدید عسکری تربیت اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں آپریشنل صلاحیتوں اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا جبکہ معززین نے مشترکہ فوجی مشقوں اور باہمی تبادلہ پروگرامز کے فروغ کے لیئے ممکنہ راہیں استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت میں بہتری کے لیئے طہ کردہ موجودہ لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ چیف آف دی ایئر اسٹاف نے مستقبل کی جنگی حکمت عملیوں کے تناظر میں پاک فضائیہ کے اہداف اور بنیادی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین بے مثال تاریخی اور تزویراتی شراکت داری قائم ہے، قطر کے ساتھ عسکری تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود بردرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیئے پر عزم ہیں۔
سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ایئر بیس پر جاری، فضائی مشق انڈس شیلڈ میں قطری فضائیہ کے دستے کی شرکت کو بھی سراہا۔
ملاقات میں قطر کی مسلح افواج کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت قابل تحسین ہے۔
قطری چیف آف اسٹاف نے پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لئے، سربراہ پاک فضائیہ کی متحرک قیادت کی تعریف کی جبکہ قطر کے چیف آف اسٹاف کی جانب سے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا معائنہ بھی کیا گیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
