جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل ملک بھر میں یوم ’طوفان الاقصیٰ‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین فلسطین پر آگ بھڑک اٹھی ہے، فلسطینی بچے بوڑھے خواتین اور عام شہریوں پر بمباری کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکانات، پانی پینے کے ذخائر اور ہسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے، ہر مسلمان اپنے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں کھڑے ہوکر ان کے موقف کو تقویت دیں۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ مسلم حکمران اپنے موقف سے ابہام نکال لیں ۔واضح کریں کہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور ان کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔مسلم حکمران کھانے پینے اور رہائش کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل وحشی اور درندے کا کردار ادا کررہا ہے، فلسطینی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ ایک جائز جنگ ہے لیکن امریکہ اور یورپ انسانی حقوق کو پامال ہوتے ہوئے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ و یورپ انسانی حقوق کے قاتل کو سپورٹ دے رہے ہیں، کل بعد نماز جمعہ ضلعی ہیڈ کواٹر پر مظاہرے کئے جائیں ،کل کے ان مظاہروں اور اس دن کو یوم طوفان اقصی کا نام دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم ’طوفان الاقصیٰ‘ پر قوم باہر نکلے اور فلسطینی بھائیوں کو یقین دلائیں کہ ہم آپ کے شانہ بشانہ اور قدم بہ قدم ہیں، اگر اجازت ملتی ہے تو مسلم جوان محاذ پر جانے کے لئے بھی تیار ہے۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ 14 اکتوبر کو پشاور میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس اب فلسطینیوں کے حق میں بہت بڑے مظاہرے کی شکل اختیار کرے گا، پہلے سے زیادہ اہتمام سے اس کانفرنس میں شرکت کریں تاکہ ایک مضبوط اور طاقتور پیغام عالمی دنیا کو پہنچ سکے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
