صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کٹے ہونٹ اور تالو کے علاج سے بچوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
تفصیلات کےمطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کٹے ہونٹ اور تالو کی پاکستانی ایسوسی ایشن اور برطانوی پلاسٹک سرجنز کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں وفد نے صدر مملکت کو کٹے ہونٹ اور تالو کی پاکستانی ایسوسی ایشن کے کام اور سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن معاشرے کے نادار طبقات کو گجرات میں مفت علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن پاکستان میں عالمی معیار کے مطابق علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے ،متاثرہ بچوں کو کھانے اور بولنے کے مسائل کے علاوہ امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی بچوں کے علاج اور سرجری کے حوالے سے کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ بچوں کے پیدائشی طور پر کٹے ہونٹ اور تالو کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کٹے ہونٹ اور تالو کے علاج سے بچوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے، موجودہ دور کے صحت کے مسائل ، مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے جدت اپنانا ہو گی۔
وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز بشیر نے کی جبکہ ملاقات میں وفاقی وزارت ِصحت کے حکام بھی شریک تھے۔
