Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران حکومت کیلئے جیسے ہی ممکن ہوا پیٹرول سستا کردیا گیا، نگران وزیراطلاعات

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ جیسے ہی نگران حکومت کے لئے ممکن ہوا پیٹرول 40 روپے اور ڈیزل 15 روپے فی لٹر سستا کر دیا گیا۔

مرتضیٰ سولنگی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ جب جب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹرانسپورٹ کے شعبے نے مال برداری اور کرایوں میں اضافہ کیا، اب ان پر لازم ہے کہ ان میں کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔

نگران وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

گزشتہ روز نگران حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 40 روپے کمی کی گئی جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 283 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 303 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر کمی کی گئی جس کے بعد آئل کی نئی قیمت 192 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 22 روپے 43 پیسے کی کمی کی گئی جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 214 روپے 85 پیسے فی لیٹرہوگئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہے۔

واضح رہے کہ 30 ستمبر کو نگران حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے کی کمی گئی تھی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 11 روپے کی کمی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version