Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکیورٹی فورسز کی کارراوئیاں؛ 2دہشتگرد ہلاک 2 سپاہی شہید

سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو مختلف جھڑپیں ہوئیں، جس میں 2 دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ 2 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے اتمان منزا میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سپاہی ساجد اعظم شہید ہوگئے ہیں جبکہ 1 دہشتگرد ہلاک ہوگیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 31 سالہ سپاہی ساجد اعظم کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے تھا، سپاہی ساجد اعظم نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ میں بھی سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں سپاہی وارث خان شہید ہوئے، 27 سال کے سپاہی وارث خان شہید کا تعلق کرک سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے عزم کو مزید جلا بخشتی ہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں