اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سیلاب متاثرین کی امداد میں خصوصی دلچسپی پر اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کی جہاں انہوں نے شریک عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر نگران وزیرِ اعظم کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے عالمی و علاقائی امور پر گفتگو کی۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیرس سے ملاقات میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سیکرٹری جنرل کا گزشتہ سال دورہ پاکستان اور سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔
نگران وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور دنیا بھر میں اس اہم چیلنج کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے اقدامات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پاکستان قزاقستان کے مابین تجارت اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔
تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کی بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین موجود مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے عوام کی آپس میں ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سری لنکا کو درپیش ایک جیسے معاشی چیلنجز کے حوالے سے بھی گفتگو کی، انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے حکام اس حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے جس میں خسارے کا شکار سرکاری اداوں کی نجکاری سر فہرست ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں مصروف دن گزارا تھا، نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو کی بیجنگ میں ملاقات ہوئی تھی۔
نگران وزیرِ اعظم نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی ارشد شریف شہید کے قتل پر گفتگو کی اور اسپیشل جے آئی ٹی کو رپورٹ کو جلد حتمی شکل دینے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو کی اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوام کے روابط کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
کینیا کے صدر نے پاکستان کے زرعی اور صحت کے شعبے میں تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب نگران وزیرِاعظم کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے خطے میں روابط کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بعدازاں نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔
گریٹ ہال آف پیپلز میں صدر شی جن پنگ اور خاتون اول پینگ لی-یوان نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا، نگران وفاقی کابینہ کے وزراء نے بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ عشائیے میں شرکت کی۔
گریٹ ہال آف پیپلز میں منعقدہ عشائیے میں روس، کینیا، ایتھوپیا، منگولیا، ہنگری، سری لنکا سمیت متعدد سربراہان مملکت بھی شریک تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
