الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ووٹ کے اندراج، کوائف کی درستگی، ووٹ کے اخراج اور ووٹ کی منتقلی کیلئے درخواست دینے تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج، ٹرانسفر، اخراج اور کوائف کی درستگی کی تاریخ میں 28 اکتوبر 2023 تک توسیع کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عوام 28 اکتوبر 2023 تک اپنے ووٹ کے اندراج، ٹرانسفر، اخراج اور درستگی کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ ووٹ کے اندراج، منتقلی اور ڈیٹا کی درستگی کی کل (بروز بدھ) آخری تاریخ تھی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ انتخابی فہرستیں منجمد کر دی جائیں گی اور اس ڈیڈ لائن کے بعد مزید ووٹوں کا اندراج یا منتقلی ممکن نہیں ہو گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق فارم 21 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے جسے ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس فارم کو پُر کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرانا ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا تھا کہ اٹھارہ سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام پاکستانی جن میں خواتین، نوجوان، اقلیتی برادری، معذور افراد، خواجہ سرا برادری اور معاشرے کے تمام پسماندہ طبقات شامل ہیں، اپنے ووٹ سے متعلق معلومات چیک کرنے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیج سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت 20 جولائی کو ووٹرز لسٹیں منجمد کی تھیں تاہم بعد میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ووٹرز لسٹیں 25 اکتوبر 2023 تک غیر منجمد رہیں گی تاکہ تمام اہل افراد اپنے ووٹ کا اندراج کروا سکیں، 25 اکتوبر تک ووٹ کا اخراج، منتقلی اور شناختی کارڈ کے مطابق کوائف کی درستی کی جا سکتی ہے۔
بعدازاں ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے 21 ستمبر 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔ حتمی فہرستوں کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔
دوسری جانب 12 اکتوبر 2023 کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے کوئی ممکنات نظر نہیں آرہے، اس میں کوئی ابہام نہیں، انتخابات کا اپنے وقت پر اعلان اور انعقاد ہوگا، انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی میں حتمی فیصلے نگران حکومت کرتی ہے، نگران حکومت کا کام شفاف انتخابات کیلئے معاونت فراہم کرنا ہے، آزادانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنائیں گے۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔ نواز شریف سمیت کوئی بھی سیاسی لیڈر اگر ہمارے فرائض منصبی کے حوالے سے ملاقات کی خواہش کرے گا تو اس سے ضرور ملاقات کریں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
