Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت نے خاموشی توڑ دی؛ سرپرائز اعلان کردیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرپرائز اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھ کر فوری انتخابات ہونے چاہییں، شفاف انتخابات ملک کیلئے بہتر ثابت ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ معیشت کو عوام کا سہارا مل جائے تو مستقبل کیلئے بہتر ہوگا، نوازشریف کے انتقام نہ لینے کے بیان کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ن لیگ ایک نئے بیانیہ کے تلاش میں ہے، دوسرے ہی روز ن لیگ نے گیلپ سروے کرایا، سروے میں عوام نے ن لیگ کو بیانیہ تھمایا کہ سب کو ساتھ لے کرچلیں۔

 صدر مملکت نے کہا کہ ن لیگ کے پاس اس وقت ایک اچھا موقع ہے، سب لوگ اس وقت لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور صدر مملکت 9 مئی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، ہمیشہ سب کو کہا کہ توڑ پھوڑ نہیں کی جانی چاہیے۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے کام کو سراہتا ہوں، چیف جسٹس سے قوم کی امیدیں ہیں وہ امیدوں پر پورا اتریں گے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس میں نے نہیں بھیجا، ریفرنس مجھے وزیراعظم ہاوس سے بھیجا گیا تھا، بعد میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ریفرنس نہیں بھیجنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، وہ ایک بہترین کام تھا، آصف زرداری کے پاکستان کھپے کے نعرے کو ہمیشہ سراہتا ہوں۔

  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ اگلا صدر منتخب ہونے تک موجودہ صدر اپنی ذمہ داری جاری رکھے، پارلیمانی نظام میں اس بات کا امکان رہتا ہے کہ حکومت مدت پوری نہ کر پائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بڑی مشکلات کے ساتھ جمہوری نظام پر قائم ہے، حج پر گیا ہوا تھا قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے الیکشن ایکٹ پر دستخط کیے، حج پر نہ گیا ہوتا تو الیکشن ایکٹ پر دستخط نہ کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق خط کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، مردم شماری کے معاملات پر مسائل آرہے تھے۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کیلئے الیکشن کمشنرز کو بلایا مگر وہ نہیں آئے، وزارت قانون نے مجھے کہا کہ تاریخ دینا آپ کا حق نہیں، میں نے کہا کہ 6 نومبر تک الیکشن کرائے جائیں۔

 صدر مملکت نے کہا کہ 23 مارچ کو مینارپاکستان پر فلسطین کیلئے بھی قرارداد منظور ہوئی تھی، فلسطین میں معصوم افراد کو شہید کیا جا رہا ہے، معصوم بچے شہید ہو رہے ہیں، بچوں پر ظلم برداشت نہیں کر سکتے، فلسطین میں امن خطے کے مفاد میں ہوگا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version