متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ میجر جنرل اسٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کو ائیر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بین الاقوامی تزویراتی صورتحال، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے جاری مختلف منصوبوں کا ذکر کیا جبکہ ایئر چیف نے سائبر، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز سے متعلق شعبوں میں آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ کے لئے جاری منصوبوں پر گفتگو کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت اور اسکے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ سربراہ پاک فضائیہ نے مستقبل کی عسکری صلاحیتوں کے حصول کے لئے پاک فضائیہ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے جاری منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی فضائی مشق انڈس شیلڈ میں متحدہ عرب امارات کے فضائی دستے کی شرکت کو سراہا جبکہ سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین بے مثال برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے عسکری تعاون، مشترکہ مشقوں اور تربیتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی شاندار پیش رفت اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی جبکہ سربراہان نے عسکری تربیت اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں آپریشنل صلاحیتوں سے متعلق دو طرفہ تعلقات کو تقویت دینے پر اتفاق بھی کیا۔
فوجی مشقوں اور باہمی تبادلے کے پروگرامز کے ذریعے تجربات کا تبادلہ، باہمی تعاون اور دونوں برادر ممالک کی فضائی افواج کے مابین دیرینہ تعلقات کا فروغ ممکن ہوگا۔
معزز مہمان نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ائیر آپریشن سینٹر اور پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ کا معائنہ کیا جبکہ معزز مہمان نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا۔
میجر جنرل اسٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
معزز مہمان نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر ائیر چیف کی متحرک قیادت کو سراہا۔
سربراہ پاک فضائیہ اور متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ کے مابین ملاقات دونوں ممالک کی مسلح افواج کی جانب سے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور دفاعی شعبہء جات میں تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
