Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کو طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سفارشات کی توثیق کی جائے گی۔

پیر کو ہونے والے اجلاس میں آئی ایم ایف حکام کے ساتھ نومبر میں مذاکرات کے ایجنڈے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور ملک میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے متعلق ای سی سی کے فیصلے کی توثیق، غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ، غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف جاری آپریشنز کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنی میڈیا ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی ریڈیو طاہر حسن کو نگران وزیراعظم کا پریس سیکرٹری مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ جوائنٹ سیکرٹری میڈیا کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے تبادلوں کی اجازت لے لی گئی ہے، تاہم الیکشن کمیشن کی ہدایت پر وزیراعظم سیکرٹریٹ میں تعینات ڈپٹی سیکرٹری وقار علی خان نے عہدہ چھوڑ دیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ڈی سی شیخوپورہ تبادلہ کیس میں وقار علی خان کو نئی پوسٹنگ دینے کے احکامات جاری کیے تھے جبکہ گریڈ 18 کے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر وقار علی خان کے عہدہ چھوڑنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 14 اگست 2023 کو انوار الحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کا حلف اٹھایا تھا جس کے بعد انہوں نے وزارتِ عظمی کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔

بعدازاں نگران وزیراعظم کی حیثیت سے انوارالحق کاکڑ نے سب سے پہلے عبوری کابینہ کی تشکیل کی جو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد تک ملک کا انتظام چلا رہی ہے۔

نگران وزیراعظم نے حلف اٹھانے کے بعد 15 اگست 2023 کو شہباز شریف کے تین سینیئر قریبی ساتھیوں کو برقرار رکھا، تاہم شہباز شریف کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ، شہباز شریف کے سابق مشیر اور گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر اُحد چیمہ اور جوائنٹ سیکرٹری محب علی کو نئے وزیراعظم کی جانب سے برقرار رکھا گیا۔

اس کے بعد 15 ستمبر 2023 کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے نگران وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

یاد رہے کہ 52 سال کے انوار الحق کاکڑ کا تعلق صوبے میں پشتونوں کے معروف کاکڑ قبیلے سے ہے اور وہ ملک کے اب تک کے کم عمر ترین نگران وزیراعظم ہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version