Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں۔

لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے طالب علموں کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نےکہا کہ افغان پناہ گزینوں کو ملک بدر نہیں کیا جا رہا بلکہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے کیونکہ دنیا بھرکا یہ اصول ہے کہ کوئی بھی ملک بغیر دستاویزات اور پاسپورٹ کے کسی غیر ملکی کو اپنے ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔

نگراں وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان نے چالیس سال تقریبا 50 ملین افغان شہریوں کی میزبانی کی، دس لاکھ غیر ملکیوں کی شناخت ہوئی ہے جو قانونی اور مستند دستاویزات کے بغیر پاکستان میں رہ رہے ہیں۔

انوارالحق نے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری اور آئینی فرض ہے، حکومت کی پالیسیاں مختلف اداروں اور محکموں کی مشاورت کے بعد تشکیل دی جاتی ہیں۔نگراں حکومت آئینی طریقہ کار سے قائم ہوئی ہے، سابقہ قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف نے آئینی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ان کی بطور نگراں وزیر اعظم نامزدگی کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کیا جس کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا مینڈیٹ دیا گیا، انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا نگراں حکومت یا وزیراعظم کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا مینڈ یٹ ہے اور اگر آئینی طورپر مجھے یہ مینڈیٹ دیا گیا ہوتا ہے تو میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیتا۔

انوارالحق کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو مالی اور سیکورٹی معاونت فراہم کرے گی، الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں الیکشن کیلئے پر امن حالات اور سیکورٹی کے ماحول کو ٹھیک رکھنا ہوتا ہے۔

معیشت کے حوالے سے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح انتہائی کم ہے ، لوگوں کی اکثریت ٹیکس دیناگوارہ نہیں کرتی ، اگر 40فیصد لوگ بھی ٹیکس دینا شروع کر دیں تو بلوچستان سمیت ملک بھر کی محرمیوں کا ازالہ کیا جا سکتا ہے اور ترقیاتی منصوبے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ درست فیصلے آپ کی ترقی اور کامیابی کے ضامن ثابت ہوتے ہیں، تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں قومی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنا ہوگا جبکہ انسان غلطیوں سے ہی سبق سیکھتا ہے اور ایک مہذب معاشرے کی تشکیل کیلئے جدو جہد کرنا پڑتی ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ابھی تک لوگ لسانیت اور فرقہ واریت کا شکار ہو کر ایک دوسرے کو نقصان پہنچاتے ہیں جس کے بھیانک نتائچ پورے معاشرے کو برداشت کرنا پڑتے ہیں۔

انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں مگر عسکریت پسندوں نے بالخصوص بلوچستان اور کے پی کے میں نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت کے بیج بوئے، مدرسوں اور تعلیمی درسگاہوں میں نصابی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے اور اس کیلئے بھی قانون سازی کی گئی ہے۔

نگراں وزیراعظم نے طلبا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے سامنے پوری زندگی پڑی ہے اس لئے صحیح اور غلط کے درمیان فرق آپ نے خود کرنا ہے ، یورپین ممالک اور امریکہ کی تاریخ پڑھیں تو وہ معاشرے بھی جہالت، پسماندگی اور محرومیوں کا شکار تھے مگر وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے ترقی کی ، معاشرتی اقدار کوپروان چڑھایا اور اپنے نوجوانوں کے ذہنوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا اور انہیں صحیح اور غلط کے بارے میں ایسی تعلیم دی جس سے وہ قومیں مہذب بن گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں سے بے شمار توقعات ہیں کہ وہ عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر ملک کیلئے اپنی خدمات سر انجام دیں، میں نے اپنی اسکول کی تعلیم بلوچستان سے حاصل کی اور وہیں پرائیویٹ گریجوایشن کی اس کے بعد اعلیٰ تعلیم اور اسکالر شپ کیلئے بیرون ممالک کی یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کی اوراس کے بعد دوبارہ وطن واپس لوٹا اور اپنے ملک کی جہاں تک ہو سکا خدمت کررہا ہوں ۔

انوارالحق نے یہ بھی کہا کہ میں پورے ملک کا وزیر اعظم ہوں اور کسی ایک صوبے یا مخصوص علاقے کا نہیں ،مجھے وفاق کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے تمام صوبوں اور پورے ملک کا سوچنا پڑتا ہے اور یہ ہر وزیر اعظم کو کرنا پڑتا ہے جو اس کے فرائض میں شامل ہے یہ نہیں ہو سکتا کہ میں دوسرے صوبوں کے فنڈز بلوچستان یا کسی مخصوص علاقے پر لگا دوں۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں لمز کا کردار قابل تعریف ہے اور میں نے بحیثیت وزیر اعظم تمام صوبوں کے دارالحکومتوں میں جا کر وہاں کے لوگوں کے مسائل سننے ہیں جس کا آغاز میں نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے کیا ہے اور کوشش ہے کہ آئندہ بھی آپ کے ساتھ نشستیں ہوتی رہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version