Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریاست پاکستان کمزور طبقوں کی ہر ممکن مدد کرے گی، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کمزور طبقوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر امجد ثاقب، وزارت تخفیف غربت کے سیکریٹری یوسف خان اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی۔

   اجلاس میں وزیراعظم کو پروگرام کے اب تک کے نتائج اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بتایا گیا۔

 اجلاس میں بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے پورے ملک میں تقریباً 1 کروڑ خاندانوں کے 6 کروڑ لوگ مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ اس سال پروگرام کا کل بجٹ 471 ارب روپے ہے۔

نگراں وزیراعظم نے بی آئی ایس پی کے تحت مستحق  خاندانوں کی معاونت پر پروگرام کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نتائج انتہائی خوش آئند ہیں لیکن پاکستان کا پائیدار مستقبل لوگوں کی مالی خود انحصاری سے منسلک ہے۔

اس حوالے سے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو معاشرے میں مالی خود انحصاری کو فروغ دینے کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ایک بہترین ڈیٹابیس ہے جسے ٹارگیٹیڈ سبسیڈیز کیلے استعمال میں لایا جائے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو حکومت پاکستان اور مقامی انسان دوست تنظیموں کے مابین اشتراک کا لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینیفیشریز کیلے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تکنیکی تربیت کی فراہمی سے اہل لوگ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں گے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مقامی خیراتی اور فلاحی تنظیموں کے ساتھ پارٹنرشپ کرے اور وزیراعظم نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ریاست پاکستان کمزور طبقوں کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ وہ ایک پر امید زندگی گزار سکیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version