اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آج ہی مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدرات الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق غور کیا گیا اور صدر مملکت سے ملاقات سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
اس کےعلاوہ اجلاس میں انتخابی تاریخ سمیت آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور ہوا اور الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں کیا موقف دے گا؟ اس پر بھی وکیل سے مشاورت ہوئی۔
دوران اجلاس چیف الیکشن کمشنر کے سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونے سے متعلق بھی غور ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا استحقاق ہے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن نے صدر مملکت سے مشاورت کا فیصلہ کیا، تاہم الیکشن کمیشن کے حکام نے ایوان صدر سے رابطہ کر کے صدر مملکت سے ملاقات کیلئے آج کا وقت مانگ لیا، سیکریٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں چار رکنی وفد صدر مملکت سے ملاقات کرے گا اور حلقہ بندیوں سے متعلق پیش رفت سے صدر مملکت کو آگاہ کرے گا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے وکیل، سیکریٹری اور قانونی ٹیم نے شرکت کی ، تاہم اجلاس ختم ہونے کے بعد ڈی جی لاء کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ روانہ ہوگئی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سپریم کورٹ پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے صدر سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے، بہت جلد الیکشن کمیشن صدر سے مشاورت کرے گا، اس حوالے سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔
انتخابات کیس کی سماعت کا احوال
سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عام انتخابات 11 فروری ہونگے، اس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تنبیہ دیا کہ سوچ سمجھ کر جواب دیں۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ حلقہ بندی کے بعد 54 دن کا انتخابی شیڈول ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا صدر پاکستان کو تاریخ سے آگاہ کیا ہے؟ اس پر وکیل نے کہا کہ قانون کے مطابق صدر کو بتانے کے پابند نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن ابھی جا کر صدر سے کیوں نہیں ملاقات کرتا؟ اس پر وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ ہدایات لیکر بتا سکتا ہوں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ ابھی جائیں اور پتا کرکے بتائیں، وہ اتنے بڑے ہیں کہ عدالت نہیں آ سکتے۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو صدر سے مشاورت کرکے حتمی تاریخ دینے کا حکم دے دیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
