Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سارے ادارے محترم ہیں لیکن الیکشن کمیشن اپنے مؤقف پر کھڑا ہے، چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ سارے ادارے محترم ہیں لیکن الیکشن کمیشن اپنے مؤقف پر کھڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

صحافی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے سوال کیا کہ پولنگ ڈے اتوار کا دن کیوں نہیں رکھا؟ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ چلیں اس بہانے بچوں کو اسکول کی ایک اور چھٹی مل جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ صدر مملکت سے ملنے سے انکار نہیں کیا تھا، نہ ملنے کا فیصلہ کمیشن کا تھا، سپریم کورٹ میں ہم نے11فروری کی تاریخ دی تھی، ہم نے صدر مملکت کو خط میں11فروری کی تاریخ دی تھی، متفقہ فیصلہ ہوا کہ8 فروری کو الیکشن ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے ہمیں اچھے طریقے سے ویلکم کیا، کوشش تھی اتوار کا روز پولنگ کے لئے اچھا رہے گا، جب چار لوگ ملتے ہیں تو گنجائش نکل آتی ہے۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ پہلے بھی فروری میں الیکشن ہوتے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کا گراؤنڈ ڈبل کنکریٹ کا ہے، سارے ادارے محترم ہیں لیکن الیکشن کمیشن تو اپنے مؤقف پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی اور پنجاب اسمبلی تحلیل ہوئی تو اسٹینڈ لیا الیکشن ایک دن ہوں، ہر کوئی کہتا ہے الیکشن شفاف ہوں لیکن مداخلت بھی کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اور پی ٹی آئی حکومت الیکشن کمیشن سے خوش نہیں تھی، نگراں حکومت بنانا الیکشن کمیشن کا کام نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کام صرف نگراں حکومت کی نگرانی کرنا ہے، دیکھتے جائیں الیکشن کمیشن کیا کرتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ ای سی سرکاری اداروں سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرائے گا، سندھ کے الیکشن کمشنر کے خلاف شکایات آرہی ہیں، شکایات میں سچائی ہوئی تو کارروائی کریں گے، کے پی میں کابینہ تبدیل کرائی،وفاقی کابینہ کا نوٹس لیا، ہم سمجھتے ہیں کہ اب تک الیکشن کمیشن کے فیصلے درست ہیں، ہم پر اکثر بلاوجہ تنقید ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے 8 فروری کو انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے اتفاق کرلیا ہے، ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version