پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کے اہم مرحلے میں پاکستان کو درپیش ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کے معاملے پر آئی ایم ایف مشن چیف نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر کی متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزابی سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کیلئے بیرونی فنانسنگ گیپ پورا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای کے سفیر نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرا دی، تاہم آئی ایم ایف مشن ایکسٹرنل فنانسنگ کیلئے یقین دیہانیاں حاصل کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض کے معاملے میں اب ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں رہا، تاہم وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف میں ایکسٹرنل فنانسنگ ہدف طے ہو گیا۔
آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا پلان مان لیا، جس کے تحت آئی ایم ایف عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، چین، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔
رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ سعودیہ عرب سے 2 ارب ڈالر اور یو اے ای سے 1 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔
علاوہ ازیں ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا پلان ہے، تاہم وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر قرض معاہدے کے تحت حاصل کیے جائیں گے۔
بعدازاں پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین پالیسی سطح کے مذاکرات کا آج دوسرا روز ہے، آئی ایم ایف آج اپنے مطالبات اور سفارشات سے پاکستانی وفد کو آگاہ کرے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ جائزہ مذاکرات کی کامیابی سے تکمیل میں کوئی بڑا چیلنج نہیں، پالیسی سطح کے مذاکرات 15 نومبر تک شیڈول ہیں، جائزے کی کامیابی پر پاکستان کو تقریباً 71 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط ملے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو پہلی قسط کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر جولائی میں ملے تھے، تاہم پالیسی سطح کے مذاکرات کے پہلے روز 2 اجلاس منعقد ہوئے جس میں نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر اور آئی ایم ایف کے مشن چیف ناتھن پورٹر نے اپنی اپنی ٹیم کی سربراہی کی۔
71 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے ساتھ دسمبر کے آغاز میں ادا کر دی جائے گی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
