پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ 4 قیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے پارٹی کے سینئر راہنماﺅں کی ملاقات ہوئی جس میں سابق گورنر رفیق رجوانہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عبدالغفار ڈوگر، خواجہ عمران نزیر اور عطاءاللہ تارڑ بھی شامل ہیں۔
ملاقاتوں میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا اور راہنماﺅں نے حلقوں میں جاری تیاریوں کے بارے میں پارٹی صدر کو آگاہ کیا جبکہ پارٹی راہنماﺅں نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو مبارک اور خوشی کا اظہار کیا، خواجہ عمران نزیر اور عطاءاللہ تارڑ نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو پھول بھی پیش کئے۔
پارٹی راہنماﺅں نے سیاسی انتقام کے دور کا بہادری اور جرات سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدر کو خراج تحسین پیش کیا، شہبازشریف نے پارٹی راہنماﺅں کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے ایک بار پھر عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا، قیادت اور کارکنوں نے بڑی جرات وبہادری اور ثابت قدمی دکھائی، قیادت کی بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑا اثاثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزازسمجھتا ہوں، ایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کا انعام ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ افسوس ہے کہ 4 قیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دئیے گئے، انتقامی سیاست سے قوم کے فائدے کے منصوبے، معیشت تباہ، عوام مہنگائی کا شکار ہوگئے، ہمیں اپنی سزا کا نہیں، عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا دُکھ ہے۔
اگرآپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
