اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ صحافی برادری کا تحفظ ہماری جدوجہد کا اہم پہلو ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے صحافیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ہر سال دنیا بھر میں سینکڑوں صحافی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہید ہوتے ہیں،جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کیلئے صحافی برادری کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں صحافیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں، اقوام متحدہ غزہ اور بھارت میں صحافیوں پر سرے عام ہونے والی دہشتگردی کا نوٹس لے۔
راجہ پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھر پورکردار ادا کیا ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی صحافیوں کو درپیش مسائل کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں صحافیوں پر عائد کالے قوانین کا خاتمہ کیا،ہم آزادی صحافت اور صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نےکہا کہ صحافیوں کی جان و مال اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ملک میں جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے صحافتی برادری کی جدو جہد قابل ستائش ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ صحافی برادری کا تحفظ ہماری جدوجہد کا اہم پہلو ہے،میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
