مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پولینڈ کے یوم آزادی اور مسلح افواج کے دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولینڈ کے قومی دن پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے پولینڈ کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات کے استحکام کے لئے پولینڈ کے اسلام آباد میں موجود سفارت خانے کا انتہائی اہم کردار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام پاک فضائیہ کی ترقی میں پولینڈ کے پائلٹس کے کردار پر فخر کرتے ہیں، بالخصوص ایئر کموڈور تورووچ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ بھارہ کہو بائی پاس کا نام تورووچ کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ مشاورت سے مختلف سطحوں پر تعاون کی راہ ہموار ہوئی جو حوصلہ افزاءہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے، گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 899 ملین ڈالر تھا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمیں تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں، ہم پاکستان میں پولش آئل اینڈ گیس کمپنی کے فعال کردار کو سراہتے ہیں ، ہماری خواہش ہے کہ کمپنی پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے جبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا مقصد کان کنی، آئی ٹی، توانائی، زراعت اور دفاعی پیداوار جیسے اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن فراہم کرنا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پولینڈ کے سرمایہ کار ان مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں، ہمارے پولینڈ کے ساتھ پہلے ہی کئی معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط ہو چکے ہیں جبکہ کئی زیر غور ہیں جبکہ یہ معاہدے اور ایم او یوز دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی بہترین مثال ہیں۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں سفارتی پاسپورٹ کے لئے ویزا کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط ہوئے اور اس پر عمل درآمد جاری ہے، عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایسے معاہدے ناگزیر ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
