مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اب کسی متنازع الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پارٹی کو اس کے حق سے محروم نہیں کرنا چاہیے، ہم نے پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی انتہا پسندانہ رویہ اختیار نہیں کرنا کیونکہ باہمی اختلاف کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنا کسی کے لیے بہتر نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی ماحول میں کوئی تلخی پیدا نہیں کرنی چاہیے، ماضی میں بھی کہا گیا اکثریت نہ آئی تو نتائج تسلیم نہیں کریں گے، بلاول بھٹو نے بزرگوں کے حوالے سے پیغام اپنے والد کو دیا، بزرگ اور بچے کی سوچ میں فرق ہوتا ہے، بلاول کے بیانات میں وہی فرق نظر آ رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ایک الیکشن متنازعہ ہوا پاکستان اس کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، بلاول بھٹو نہیں جانتے کہ ماضی میں ہم نے کیا کچھ دیکھا اور سنا، ہماری سیاست بچوں کے حوالے نہیں ہونی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں ایک ہم آہنگی کا ایک ماحول بنا تھا، انتخابی مراحل کو باہمی مفاہمت کے ساتھ لےکر چلیں گے جبکہ پچھلی ناجائز حکومت کے خلاف بھی ہم اکٹھے رہے ، طے کیا ہے آگے بھی ہم مل کر چلیں گے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں ہزاروں چھوٹے بچوں کو شہید کر دیا گیا، فلسطین میں سکول، کالجز سمیت ہر جگہ بمباری ہو رہی ہے، مسلم ممالک کو فلسطین کے ساتھ کھڑا ہو جانا چاہیے، اگلے جمعے کو پھر یوم فلسطین منائیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
