امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پی سی بی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چار دن کی جنگ بندی کے بعد دو دن مزید بڑھائے گئے ہیں، اس دوران جو لوگوں کو تبادلہ ہو رہا ہے وہ حماس اور مسلمانوں کی بہت ںڑی فتح ہے، حماس نے غزہ کو ختم کرنے کی بات کی تھی، لیکن پچاس دنوں میں وہ حماس سے براہ راست لڑنے کے قابل بھی نہ رہا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے حالات بدتر ہیں، اس سال ڈکیٹی کرتے ہوئے 123 افراد مارے جا چکے ہیں، اس شہر کے لوگوں کو پولیس میں بھرتی کیا جائے، سیف سٹی پراجیکٹ کا اب تک آغاز نہیں ہو سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی ذکا اشرف نے مجرمانہ کام کیا، اعظم خان کو بلے پر فلسطینی جھنڈا لگانے پر سلام کرتا ہوں، پوری پوری ٹیم جھنڈا باندھ کر اتر رہی ہے دنیا میں، اور یہ ایسے امریکہ دوست ہیں کہ ان سے ایک اسٹیکر برداشت نہیں ہوا، یہ قابل قبول نہیں، وزیر اعظم کاکڑ صاحب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ذکا اشرف کو برطرف کیا جائے، کل جماعت اسلامی یوتھ ونگ نے احتجاج بھی کیا ہے، اس احتجاج کا دائرہ کار وسیع بھی ہو سکتا ہے۔
