پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 2024 پاکستان کیلئے ترقی کا نیا دور لے کر آرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) اور مینارٹی ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 8 فروری کے عام انتخابات کے حوالے سے ‘ايم ايس ايف’ اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی کا جائزہ ليا گیا۔
اجلاس میں ‘ایم ایس ایف’ اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی پر اطمينان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں عام انتخابات ميں نوجوانوں اور مینارٹی ونگ کی بھرپور شرکت اور شموليت کو يقينی بنانے کی تاکيد کی گئی، ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو متحرک کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں اور اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں، ان کے کردار میں بتدریج اضافہ کریں گے، نوجوان ملک کا سرمايہ ہیں، نوجوانوں کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ايم ايس ايف کے پليٹ فارم سے ملک بھر سے نوجوانوں کو عملی سياسی میں شموليت کا موقع ملے گا، 2024 پاکستان اور عوام کے لئے نئی امید، ترقی کا نیا دور لے کر آ رہا ہے، نوازشریف کی قیادت میں نئے سال سے پاکستان کی معاشی ترقی کا تیز رفتار دور شروع ہوگا۔ان شاءاللہ
انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف چاہتے ہیں کہ نوجوان عام انتخابات میں سیاسی سرگرمیوں کا ہراول دستہ بنیں، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انتخابی سرگرمیوں میں اقلیتوں کے فعال کردار سے جمہوری کلچر مزید مضبوط ہو گا۔
اس موقع پر ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ نے سیاسی مواقع بڑھانے اور پارٹی سرپرستی پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کے عہدیداروں نے اظہار خیال کیا کہ پارٹی کے اعتماد پر پورا اتریں گے، پاکستان کی ترقی کے مشن میں قائد نواز شریف کے سپاہی بن کر کام کریں گے۔
