Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف سے پارٹی صدر شہباز شریف کی اہم ملاقات

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے پارٹی صدر شہباز شریف کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے، جہاں ان کی ن لیگ پارٹی کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں شہباز شریف نے قائد نواز شریف کو ایون فیلڈ میں بریت پر مبارکباد پیش کی۔

اس دوران شہباز شریف نواز شریف کے گلے ملے اور بریت پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے مریم نواز شریف کو بھی مبارکباد دی۔

دوران ملاقات نواز شریف نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور جوابی مبارکباد دی۔

ملاقات میں دونوں قائدین نے موجودہ صورتحال اور الیکشن کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اپیلوں اور نیب کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا بڑھانے اورفلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی تھی جس میں نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے خلاف اپیل واپس لے لی تھی جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بری کردیا تھا۔

بعدازاں سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اللّٰہ نے آج ہمیں سرخرو کیا ہے۔

قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے احاطہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر کہا تھا کہ اللّٰہ کا شکر ہے، میں نے معاملات اللّٰہ پر چھوڑے تھے، دوسرے کیسز بھی اللّٰہ پر ہی چھوڑے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version