Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گلگت میں مسافر بس پر فائرنگ؛ 9 افراد جاں بحق، 15 زخمی

گلگت: چلاس ہڈور کے مقام پر بس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گلگت بلتستان میں واقعہ قصبہ چلاس سے متصل علاقہ ہڈور کے قریب شاہراہِ قراقرم پر پیش آیا جہاں مسافر بس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے باعث بس میں آگ بھی بھڑک اٹھی نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چلاس میں بس پر فائرنگ دہشت گردی ہے یا دشمنی اس سلسلہ میں تحقیقات کی جا رہی ہیں، زخمیوں کو چلاس ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں سے بھری بس گلگت سے پنڈی جارہی تھی۔

گلگت میں بس پر فائرنگ کا واقعہ؛ گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر داخلہ شمس لون کا رد عمل

گلگت کے صوبائی وزیر داخلہ شمس لون نے مسافر بس پر فائرنگ کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مسافر بس پر دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے، واقعے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوئے ہیں، اس واقعے میں مختلف مکاتب فکر لوگ متاثر ہوئے ہیں، یہ کوئی فرقہ وارانہ کاروائی نہیں بلکہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، واقعہ ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

گلگت میں بس پر فائرنگ کا واقعہ؛ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا ردعمل

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے دیامر میں مسافر بس پر بزدلانہ دہشتگردی کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے، واقعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے، حکومت حملے میں ملوث دہشگردوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، مجرمان کی گرفتاری کیلئے حکومت اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کے تمام اخراجات حکومت گلگت بلتستان ادا کرے گی، زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کو یقینی بنائے گی،جس کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیئے گئے ہیں۔

حاجی گلبر خان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرموں کی فوری گرفتاری کے احکامات دیئے گئے ہیں، ملک دشمن عناصر کی نشاندھی کر کے  سخت سے سخت سزا دی جائے گی،شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں، آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں حکومت گلگت بلتستان لواحقین کے ساتھ ہے، شہداء کا خون رائیگاں جانے نہیں دیں گے، تمام قاتلوں کو ہر صورت قانون کے گرفت میں لایا جائے گا، گلگت بلتستان میں امن کے قیام کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لارہی ہے، کسی کو بھی امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version