متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔
ایم کیو ایم وفد میں فاروق ستار، خالد مقبول، جاوید حنیف، عبدالحفیظ شامل تھے۔
وفد نے اس موقع پر کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے تحفظات سامنے رکھے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو حلقہ بندیوں اور صوبائی الیکشن کمیشن سندھ کے حوالے سے تحفظات تھے جس پر گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر نے تحفظات اور شکایات دور کرنے کیلئے پارٹی وفد کو ملاقات کیلئے بلایا تھا۔
ایم کیو ایم نے الیکشن سے پہلے عوامی رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا
ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی میں انتخابی جلسے کرنے کے بعد اب اندرون سندھ عوامی جلسے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان 15 دسمبر کو میرپور خاص میں عوامی جلسہ کرے گی اور 22 دسمبر ایم کیو ایم پاکستان حیدرآباد میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں شہروں میں جلسوں کے انقعاد کے لئے کارکنان نے تیاریاں شروع کر دی ہیں، تاہم اندرون سندھ جلسوں کے بعد ایم کیو ایم پاکستان 21 جنوری کو کراچی کے باغ جناح میں مرکزی جلسہ کرے گی۔
