ایس ای سی پی اسلامی مالیاتی اداروں کے اکاؤنٹنگ اور آڈیٹنگ کی تنظیم کے تعاون سے اسلامی فنانس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور اکاؤنٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹی ٹیوشنز نے اسلامی فنانس کو فروغ دینے کے لیے پاکستان میں اسلامک فنانس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کریں گے۔
اس سلسلے میں ایس ای سی پی کے کمشنر مجتبیٰ احمد لودھی اور اکاؤنٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹی ٹیوشنز کے چئیرمین ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ نے بحرین میں ہونے والی ایک تقریب میں باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔
مجتبی لودھی نے بحرین میں ہوانے والی اسلامک فنانس کانفرنس میں بھی شرکت کی اور اقتصادی سرگرمیوں میں تنوع کے حوالے سے اسلامی مالیات کے کردار پر تفصیل سے بریفنگ دی۔
اس دوران انہوں نے بحرین کے مرکزی بینک، انٹرنیشنل اسلامک فنانشل مارکیٹس اور بحرین انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کے اہم عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور باہمی تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اسلامک فنانس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر ایس ای سی پی میں قائم کیا جائے گا، یہ سینٹر پاکستان میں اسلامی مالیاتی خدمات کی صنعت میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے صلاحیت سازی، وکالت، اور پالیسی سازی کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
مفاہمتی یاداشت کے تحت، اکاؤنٹنگ اینڈ آڈیٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹی ٹیوشنز اس حوالے سے استعداد کار کر بڑھانے، تحقیق اور وکالت کی سرگرمیوں کے لیے ایس ای سی پی کو تکنیکی تعاون فراہم کرے گا۔
ایس ای سی پی امید کرتا ہے کہ جیسے عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری وفاقی شریعت کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد میں آسانی پیدا کرے گی اور معیشت سے ربا کے خاتمے کے لیے معاون ہو گی۔
