Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئندہ عام انتخابات آزادانہ ہوں گے، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات آزادانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ریاستی اداروں پر حملے ہوئے جس کے بعد کئی لوگ روپوش ہوگئے ، اس روپوشی کے دوران کسی سوچ بچار کے نتیجے میں پی ٹی آئی یا سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنا، ان افراد کا ذاتی فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مختلف سیاسی تجزیے پیش کرتے رہتے ہیں لیکن کس رہنما کی مقبولیت کتنی ہے اس کا اندازہ عام انتخابات میں ہوجائےگا۔

انوار الحق کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات ہوں گے، اس حوالے سے قوم کو شکوک و شہبات نہیں ہونے چاہئیں، ہم انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں، آئندہ عام انتخابات آزادانہ ہوں گے۔

 نگران وزیراعظم نے نگران حکومت کی قومی معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے پاس ایک محدود مینڈیٹ ہے اور اس میں رہتے ہوئے وہ جو کام کرسکیں گے وہ کریں گے، باقی کام آئندہ حکومت کے لئے چھوڑ کر جائیں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ دستاویزات کے بغیر یہاں مقیم ہیں ہم نے انہیں کہا کہ وہ اپنے وطن واپس جائیں اور ویزہ لے کر جب چاہیں دوبارہ پاکستان آ جائیں، ان پر کوئی مستقل پابندی نہیں لگا رہے، ایک مربوط نظام کے تحت ویزہ کی سہولت فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان فوری فائر بندی اور انسانی راہداری کھلوانے کی کوشش کر رہا ہے، اگر دنیا، او آئی سی اور دیگر ممالک کے ساتھ کھڑی ہوتی تو اسرائیل پر دبائو بڑھایا جا سکتا تھا۔اسرائیلی جارحیت جاری رہی تو ہمسایہ علاقوں، خلیج اور دنیا کو اپنی گرفت میں لے سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version