Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، چوہدری انوارالحق

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے 12ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 90رکنی وفد کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بعد مقبوضہ کشمیر میں صورت حال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے جبکہ اس وقت مقبوضہ کشمیر ایک عقوبت خانے میں تبدیل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کا فلسفہ مذہبی ریاستی دہشت گردی کی بنیاد پر مسلمانوں کو ختم کرنے کی سازش ہے، روشن اور مضبوط پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے۔

چوہدری انوارالحق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے اور کشمیریوں کا مقدمہ بین الاقوامی دنیا میں پاکستان نے لڑنا ہے، تحریک آزادی کی منزل اس وقت تک نامکمل ہے جب تک کشمیری آزاد ہو کر الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر نہیں لیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں سیاحت, ہائیڈل پاور کا بہت پوٹینشل موجود ہے، حکومت ہائیڈل سمیت  ٹورازم پر خاص  توجہ دے رہی ہے تا کہ ٹورازم انڈسٹری کو فروغ ملے، ٹورازم کی ترقی  سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

چوہدری انوارالحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزادکشمیر پرامن خطہ ہے، ہر سال لاکھوں کی تعداد میں سیاح یہاں آتے ہیں، حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ قلبی  محبت ہے، پاکستان کو روشن رکھنے کے لئے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے جبکہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے خرچ ہوں گے۔

چوہدری انوارالحق نےیہ بھی کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس پر توجہ دے رہے ہیں، بددیانتی کے نام سے نفرت ہے، رول آف لاء کے تحت کام کروں گا جبکہ کرپشن اور بددیانتی کو ختم کرکے دم لوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں شرح خواندگی پاکستان کی نسبت زیادہ ہے، حکومت نے جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جنگلات سے ماحول میں بھی بہتری آتی ہے، ہم نے آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول دینا ہے، جنگلات کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، جنگلات کو کسی صورت تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کا مزید کہنا تھا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ سے بجلی کی سپلائی شروع ہے جبکہ کوہالہ پراجیکٹ پر بھی کام شروع ہے، آزادپتن، کروٹ اور گلپور پراجیکٹس کی تکمیل سے پاکستان میں بہت حد تک بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر سینئر موسٹ وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور, وزیر خزانہ عبدالماجد خان, چوہدری اکبر ابراہیم اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version