Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انٹرا پارٹی الیکشنز؛ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر دیا

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشنز پر پارٹی کو نوٹس جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف اکبر ایس بابر سمیت 14 افراد نے درخواستیں دائر کیں۔

وکیل اکبر ایس بابر کا سماعت کے دوران کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی تھی کہ دوبارہ پارٹی الیکشن کروائے جائیں، آرڈر کے بعد دو دن کے اندر الیکشن کروا دیا، نہ ووٹر لسٹ بنی نہ کوئی اور انتظامات کئے، بند کمرے میں ایک شخص کو چیئرمین بنا دیا گیا، نہ کاغذات نامزدگی ہوئی نہ اسکورٹنی اور نہ ہی فائنل لسٹ لگی۔

ممبر اکرام اللہ خان نے سوال کیا کہ کس حیثیت سے الیکشن لڑنا چاہتے تھے، کیا ان کی پارٹی ممبر شپ ختم نہیں ہو چکی؟

وکیل اکبر ایس بابر نے جواب دیا کہ نہیں ختم ہوئی، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے، ہم الیکشن سے قبل مرکزی آفس معلومات بھی لینے گئے تھے لیکن کسی نے مجھے کا کاغذات نامزدگی نہیں حاصل کرنے دی، ماضی میں ہزاروں لوگوں نے انٹرا پارٹی الیکشن میں نامزدگی فارمز جمع کروائے، انٹرا پارٹی الیکشن میں غلطیوں کی نشاندہی کی گئی، اس کے بعد لوگوں کو قصور وار ٹھہرا کر نکالا گیا، اس کے بعد کے انتخابات آپ کے سامنے ہیں۔

وکیل راجہ طاہر عباسی کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد جیل میں، علی امین گنڈا پور اشتہاری ہیں، ان کی نامزدگی کیسے ہوئی؟ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشنز نہیں سیلیکشن ہوئی ہے، آئین کے مطابق پینل بنا کر الیکشنز ہونا لازمی ہے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ جو لوگ الیکشنز لڑنا چاہتے ہیں ان کے حقوق متاثر ہوئے، الیکشنز میں شفافیت نہیں تھی، مرکزی سیکرٹریٹ گئے تو کہا گیا الیکشنز کا نہیں پتا، ہمارے پاس ویڈیو شواہد ہیں ہم وہاں گئے تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ کیا پارٹی کو تحریری طور پر کوئی شکایت کی گئیں؟ منتخب ہونے والوں کے کاغذات آئے ہوئے ہیں، کمیشن ان کو دیکھ لے گا۔

وکیل اکبر ایس بابر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں، ہم نے کوئی تحریری طور پر شکایت نہیں کی، پی ٹی آئی کے پہلے انٹرا پارٹی انتخابات 2002 میں ہوئے جبکہ دوسرے 2011 میں ہوئے جس کی تکمیل میں ایک برس لگ گیا، ان انٹرا پارٹی انتخابات میں ملک بھر سے شرکت کی گئی، حالیہ انٹرا پارٹی انتخابات فوراً ہو گئے۔

اکبر ایس بابر نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات دوبارہ کرنے کی استدعا کی۔

ممبر کمیشن اکرام اللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215 واضح ہے، دوبارہ الیکشن کو بھول جائیں، الیکشن ایکٹ کے مطابق بار بار انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرائے جا سکتے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اسی انٹرا پارٹی الیکشن کو دیکھ کر حکم جاری کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشنز پر پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر دیا۔

کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Exit mobile version