Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ حکومت چاہتی ہے کہ بی آر ٹی فیڈر روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں، وزیراعلیٰ سندھ

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ بی آر ٹی فیڈر روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ BRT فیڈر روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں، الیکٹرک بسوں سے آلودگی کے بڑھتے مسائل بھی کنٹرول ہونگے، ری سائیکلنگ پلانٹ ہارون آباد میں لگایا جا رہا ہے جو سائیٹ کے قریب ہے، ہارون آباد سے سائیٹ کی 50-40 ایم جی ڈی پانی کی طلب بھی ری سائیکلنگ منصوبے سے ہے، پہلا منصوبہ ہے جس سے کاربن اخراج کی کمی بھی رکارڈ ہو گی۔

مقبول باقر نے کہا کہ ویسٹ واٹر ری سائیکل کر کے صنعتی طلب کو پورا کیا جائے گا، ٹی پی -4 سے 120 ایم جی ڈی ویسٹ واٹر کی ٹریٹمنٹ ہو گی، منصوبے کی لاگت 400 ملین ڈالر ہے جس میں ADB کا حصہ 50 ملین ڈالر ہے، ٹی پی -4 کا ٹینڈر نئے سال میں جاری ہو جائے گا۔

ٹرانسپورٹ سیکریٹری اسد ضامن نے کہا کہ گرین اینڈ اورینج لائنوں پر روزانہ 50 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں، الیکٹرک بسوں کے BRT روٹس پر چلنے سے رائیڈر شپ بہت زیادہ بڑھ جائے گی۔

چیئرمین پی اینڈ ڈی شکیل منگنیجو نے کہا کہ بی آر ٹی کے فیڈر روٹس پر 180 بسیں چلانا چاہتے ہیں، الیکٹرک بسوں کیلئے سولر پاور پینل نصب ہونگے جس سے آپریشن پر لاگت کم ہو جائے گی، دسمبر کے آخر تک منصوبے کا ٹینڈر جاری کیا جائے گا، ٹینڈر کے کھلنے تک منصوبے پر کام جون 2024 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

پرنسپل ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ بہت اہم ہے، جلد شروع کرنا چاہیے۔

وفد میں پرنسپل ڈائریکٹر کے مشیر محمد عظیم، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم، سینئر پروجیکٹ افسر سلمان میاں شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version