اسلام آباد: سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کروانے کا آج آخری روز ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری اسیکم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن ہے، تاہم حج کے لئے شہریوں کی درخواستوں میں نمایاں کمی کے پیش نظر حج درخواستوں کی وصولی میں دس روز تک مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مہنگائی اور قوت خرید میں کمی کے باعث 89 ہزار مطلوبہ حج درخواستوں میں سے 40 ہزار حج درخواستیں جمع ہوسکیں، گزشتہ روز تک سرکاری اسکیم کے تحت چالیس ہزار ایک سو پچھتر درخواستیں جمع ہوئیں۔
حج درخواستوں کی وصولی میں مزید توسیع کے بعد اب یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا دس روز میں ریگولر و اسپانسرشپ اسکیم کے تحت بقیہ 39 ہزار حج درخواستیں جمع ہوسکیں گی یا نہیں؟
یاد رہے کہ اسپانسرشپ اسکیم کے تحت 25 ہزار درخواستوں میں صرف 1550 حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ اسپانسرشپ اسکیم کے تحت ڈالرز میں اخراجات جمع کرائے جانے ہیں، تاہم حج درخواستیں پوری کرنے کے لئے تاریخ میں توسیع کا امکان تھا۔
دوسری جانب حج آپریشن سے وابستہ وزارت کے حکام کی رائے ہے کہ حج د رخواستیں کم تعداد میں آنے کی بڑی وجہ مہنگائی کی وجہ سے مالی استطاعت میں کمی واقع ہونا ہے اور دوسری وجہ یہ ہے کہ پچھلے حج کیلئے در خواستوں کے ساتھ کل رقم کی بجا ئے صرف ٹوکن رقم لی گئی تھی، تاہم بعد میں کامیاب عازمین حج سے پوری رقم وصول کی گئی۔ اس سال پوری رقم مانگی گئی ہے۔
حج میں چھ ماہ با قی ہیں اس لئے لوگ سمجھتے ہیں کہ بہت پہلے رقم لی جا رہی ہے، ان ماہرین کے مطابق اب بھی اگر آخری تاریخ کے بعد ٹوکن منی کے ساتھ در خواستیں لی جائیں تو مزید لوگ آ جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس مرتبہ سال 2024 میں حج کے لیے کورونا ویکسین کی شرط ختم کردی گئی ہے، عازمین حج کو اب کورونا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
بعدازاں نگران وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا تھا کہ 2024 میں حج کرنے والے پاکستانیوں کو رومنگ انٹرنیٹ پیکجز کے ساتھ مفت موبائل سم کارڈ تقسیم کیے جائیں گے، خواتین عازمین کو عبایہ بھی دیا جائے گا جس کی پشت پر پاکستانی جھنڈا بنا ہوا ہوگا، اس کے علاوہ سب کو 13 کلو کے سوٹ کیس دیئے جائیں گے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ حج لاگت میں تقریباً 100,000 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس میں مزید 50,000 روپے کی کمی کی جائے گی۔
