پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا گیارھواں اجلاس شروع ہو گیا ہے جس میں بہاولپور ڈویژن سے پارٹی ٹکٹ کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی صدر محمد شہباز شریف اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کا پارلیمانی بورڈ آج بہاولپور ڈویژن سے موزوں امیدواروں کا انتخاب کر رہا ہے۔
بورڈ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے علاوہ ڈویژنل کوآرڈینیٹرز بھی شریک ہیں۔
واضح رہے کہ پارلیمانی بورڈ 2 دسمبر سے اب تک سرگودھا ڈویژن، ڈسٹرکٹ راولپنڈی، ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، صوبہ بلوچستان، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، ملتان، گوجرانولہ، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال سے پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کر چکا ہے۔
