Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی ایرانی پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

پاکستان نے ایران کے راسک پولیس ہیڈ کوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج ایک پریس ریلیز میں کہا کہ پاکستان ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں راسک پولیس ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں 11 ایرانی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ہم جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ناقابل بیان سانحے کی اس گھڑی میں ایران کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گردی علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور اس کا دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے ذریعے ہر طرح سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 15 دسمبر کو ایران کے جنوبی مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کے پولیس تھانے میں رات گئے ہونے والے حملے میں 11 پولیس اہلکار مارے گئے۔ تاہم یہ پولیس پر پہلا حملہ نہیں ہے، ماضی میں بھی ایسے ہی حملے ہو چکے ہیں، جولائی میں چار پولیس اہلکار گشت کے دوران مارے گئے تھے جبکہ مئی میں بھی سیستان بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت زاہدان کے جنوب مشرق میں سراوان میں ایک مسلح گروپ کے ساتھ جھڑپوں میں پانچ ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے تھے۔

 

متعلقہ خبریں

Exit mobile version