لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم اقتدار میں رہتے تو آج پاکستان اپنی منزل مقصود پر پہنچ چکا ہوتا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افسوسناک تاریخ ہے جس سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی خدمت کرکے تعمیر نو کریں گے، ہم نے حکومت میں آکر غریبوں کی خدمت کرنی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر اس شخص نے دھونس دھمکی، یوٹرن دکھایا ہے، اچھی بھلی قوم کو تباہی وبربادی کی طرف لے جانے کی بات ہے، ہماری پارٹی کے لوگ انکی جماعت میں بھیجے گئے۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 4 سال تک ہم نے بڑھنے نہیں دی، بانی پی ٹی آئی کے حکومت میں آتے ہی ڈالر کو پر لگ گئے، ہمارے دورمیں سبزیاں10،10 روپے میں فروخت ہوتی تھیں۔
انکا کہنا تھا کہ 2013 میں آئے تو ملک میں 18،18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، شہبازشریف نےکہا آپ بول دیں 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ کو ختم کردیں گے، میں نے کہا جو سچ ہے وہی کہوں گا اپنے دور میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کوشش کریں گے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی، ہم نے جو کہا کر کے دکھایا، 2016 میں ہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے دکھایا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ 2017 میں لگ رہا تھا کہ پاکستان کی تعمیر نو ہورہی ہے، 2017 میں اتنا اچھا ملک چل رہا تھا، کچھ لوگوں نے فاصلے پیدا کروا دیے، وہی دور جاری رہتا تو آج پاکستان اپنی منزل مقصود پر پہنچ چکا ہوتا۔
