سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہمیشہ بنیادی انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے صدر رائس ملز ایسوسی ایشن ضلع قصور ملک محسن نذیر کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی جس میں صدر رائس ملز ایسوسی ایشن ضلع قصور ملک محسن نذیر نے فلسطینیوں کی امداد کے لیے پچاس لاکھ کا چیک امیر جماعت اسلامی کو پیش کیا۔
سراج الحق نے کہا کہ اہلیان پاکستان نے ہمیشہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے دل کھول کر مدد کی ہے، 24 کروڑ پاکستانیوں کے دل اہل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی عوام نے بھرپور انداز سے فلسطین کے حق میں نہ صرف آواز بلند کی بلکہ ہر فورم پر اسرائیل کے مظالم کی مذمت کی اور مالی طور پر بھی تعاون کیا مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمران عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرسکے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تینوں حکمران سیاسی جماعتیں امریکہ اور استعماری قوتوں کے خوف اور ناراضگی کے ڈر سے عالمی فورمز پر کوئی جاندار موقف اور احتجاج کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ بنیادی انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے ذریعے عملی کام بھی کررہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان بین الاقوامی این جی اوز کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،آزمائش کی اس گھڑی میں فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہیں اور آئندہ کے لیے پرعزم بھی ہے۔
اس موقع پر صدر رائس ملز ایسوسی ایشن قصور ملک محسن نذیر نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دنیا بھر میں کوئی آفت آتی ہے تو جماعت اسلامی اور الخدمت کے لوگ بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں کرتے ہیں، اس وقت فلسطین کی جتنی سپورٹ کی جائے کم ہے، دنیابھر کے مسلمانوں اورانسانوں کو فلسطین کی حمایت ومدد کرنی چاہیے تاکہ آزمائش سے دوچار فلسطینیوں کی دادرسی ہوسکے۔آخر میں وفد نے امیر جماعت کا شکریہ ادا کیا۔
وفد میں محمد علی اکبر ،حاجی محمد رمضان، میاں لیاقت، میاں اشفاق،محمد شبیر، آحد جمال، اسد جمال اکبر ایڈووکیٹ اور چوہدری منیر شامل تھے جبکہ ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف بھی موجود تھے۔
