عازمین کیلئے حج آپریشن ڈیجیٹلائزڈ کردیا گیا ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت عازمین حج کی سہولت کیلئے ریکارڈ مدت میں موبائل ایپ تیار کرلی گئی ہے۔
نگراں وزیرآئی ٹی ڈاکٹرعمر سیف اور نگران وزیر مذہبی امورانیق احمد نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ ایپلی کیشن کا مشترکہ طور پر اجراء کردیا۔
نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ موبائل ایپ سے عازمین حج کے لیے تمام معلومات فنگر ٹپ پر ہوں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) کی ہدایت کے تحت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے، حج ایپلی کیشن کا اجراء اسی سلسلے کا اہم سنگ میل ہے۔
ڈاکٹر عمرسیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایپلی کیشن میں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس کے تحت عازمین حج خود کو رجسٹر کرواسکیں گے جس کے بعد وہ اپنے ذاتی کوائف کے اندراج اور اس میں مطلوبہ تبدیلی کے حوالے سے متعلقہ افسر سے فوری رابطہ کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کا مزید کہنا تھا کہ عازمین اپنی حج درخواست کے اسٹیٹس کو دیکھ سکیں گے کہ ان کی درخواست کس مرحلے میں ہے ، اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشن سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔
ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشن کی خاص بات عازمین حج روانگی سے پہلے اور دوران حج، متعلقہ اسٹاف سے متعلق کسی قسم کی شکایات کا فوری اندراج کرسکیں گے جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر نگران وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ وزارت آئی ٹی اور اس کے ماتحت ادارے این آئی ٹی بی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، حج آپریشنز سے متعلق موجودہ نظام کے اَپ گریڈیشن میں ایپلی کیشن ایک اہم قدم ہے، ایپ حکام کو کسی بھی شکایت کا جواب دینے اور عازمین کے حقیقی تاثرات جاننے میں مدد ملے گی اور اس ایپلی کیشن سے 2024 کا حج ڈیجیٹلائزڈ ہوگا۔
