سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری پاکستان کا ہمیشہ سے اثاثہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی کے اقلیتی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے لیے خدمات پر اقلیتی برادری کو سلام پیش کرتا ہوں، مسیحی برادری کو بھی کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، میرے لیے سب برابر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں روز بروز اقلیتی برادری کا اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان مختلف عقائد اور مختلف زبانوں کا گلدستہ ہے اور اس کو مل کر سجائیں گے۔
نوازشریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے بغیر مکمل نہیں، اقلیتی برادری نے ملک کے لیے بہت قربانیاں دیں ، ہمارے فوجی افسران نے بڑی بڑی قربانیاں دی ہیں، ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندو اور مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کام کیا، بڑے لیڈروں کے سامنے پوری قوم ایک قوم ہوتی ہے اور ملک میں بسنے والا ہر فرد ہمارے لیے اہم ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم کے کئی ساتھی مسیحی اور ہندو برادری سے تعلق رکھتے تھے، اقلیتی برادری پاکستان کا ہمیشہ سے اثاثہ ہیں، ہم سب ایک ہی ملک کے باشندے ہیں، ہمیں اقلیتوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی آگے بڑھیں۔
