کمپٹیشن کَمِشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کپڑوں اور جوتوں کے برانڈز کو پراڈکٹ ڈسکاؤنٹ پر واضح ڈسکلوزر کی تنبیہ کر دی ہے۔
کمپٹیشن کَمِشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کپڑوں اور جوتوں کے برانڈز کو ہدایت کی ہے کہ ان کی جانب سے ڈسکاؤنٹ دینے کی صورت میں صارفین کو اصل اور رعایتی قیمتوں کے بارے میں مکمل آگاہی واضح طور پر فراہم کی جائے۔
اس حکم نامہ کو نظر انداز کرنے والے برانڈز کو سی سی پی انفورسمنٹ کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
آج کل کپڑوں اور جوتوں کے مختلف برانڈز کی جانب سے اپنی پراڈکٹس پر ڈسکاؤنٹ دینے کا سلسلہ عروج پر ہے اور اِس سلسلے میں جاری سی سی پی تحقیقات میں پراڈکٹس پر ڈسکاؤنٹ دینے میں صارفین سے دھوکہ دہی کے طریقوں کے استعال کا انکشاف ہوا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے طریقہ جات کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی کے زُمرے میں آسکتے ہیں۔
سی سی پی کی جانب سے اس سلسلے میں کیے گئے سروے اور ابتدائی تحقیقات میں ایسے 27 برانڈز کی نشاندہی کی گئی جو اپنی مصنوعات پر “فلیٹ” ڈسکاؤنٹ کی تشہیر کر رہے تھے لیکن اصل میں وہ “فلیٹ ڈسکاؤنٹ “تمام مصنوعات پر لاگو نہیں تھا۔
دُکان کے باہر سے دِکھایا جانے والا زیادہ ڈسکاؤنٹ دُکان کے اند ر موجود اشیاء کی قیمتوں سے مُطابقت نہیں رکھتا تھا۔ شرائط و ضوابط سے متعلق ڈسکلیمر بھی فونٹ سائز چھوٹا ہونے کی بِنا پر پڑھا نہیں جا رہا تھا اور بہت سی جگہ شرائط وضوابط کا ذکر ہی نہیں کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ بہت سی ایسی آفرز جِن میں فلیٹ 50فیصد اور بینک کارڈز کے ذریعے مزید20فیصد ڈسکاؤنٹ آفر کیا گیا تھا، آن لائن اور ریٹیل خریداری کے لئے مختلف شرائظ عائد کی گئی تھیں جو کہ صارفین کے لئے مزید اُلجھن اور گمراہ کرنے کا باعث بن رہی تھیں۔ سروے کیے گئے تقریباَ 96فیصد آئوٹ لیٹ میں یہ تضادات دیکھے گئے۔
خریداری کے لیے ضروری معلومات کی فراہمی بہت اہمیت رکھتی اور ضروری معلوما ت کے ساتھ ڈسکلوزر کی کمی صارفین کی فیصلہ کرنے کی قوت کو کمزور کرتی ہے۔
سی سی پی صارفین کو یہ مشورہ دیتا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور ڈسکاؤنٹ اور سیلز آفرز کی شرائط وضوابط کا اچھی طرح سے جائزہ لیں تاکہ دھوکہ دہی والے مارکیٹنگ کے طریقوں کا شکار نہ ہوں۔
واضح رہے کہ سی سی پی کو یہ استحقاق حاصل ہے کہ وہ تمام کاروباری اور معاشی سرگرمیوں میں آزادانہ کمپیٹیشن کو ممکن بنائے اور صارفین کو دھوکہ دہی پر مبنی تشہیر سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔
