اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے متعلق اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ملک میں یوریا کھاد کی دستیابی کے حوالے سے اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں یوریا کھاد ضرورت کے مطابق دستیاب ہے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، ملک بھر میں یوریا کھاد کی کسانوں تک ترسیل کو آسان اور سہل بنایا جائے اور یوریا کھاد کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے۔
نگران وزیراعظم نے تاکید کی کہ متعلقہ وفاقی وزارتیں صوبائی حکومتوں کو یوریا کھاد کی پیداوار اور رسد کے اعدادوشمار فراہم کرکے کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے کارروائیوں میں معاونت یقینی بنائے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بفر اسٹاک کیلئے 2 لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی، نگران وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ کوثر عبداللہ ملک، نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز، نگران صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
