کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے زیرِ انتظام اور پاک بحریہ کے تعاون سے بارہویں باراکوڈا مشق کا کراچی میں آغاز ہوگیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے زیرِ انتظام اور پاک بحریہ کے تعاون سے بارہویں باراکوڈا مشق کی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ مشق میں شریک ممالک کی تقریب پرچم کشائی ہیڈ کوارٹرز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی میں منعقد ہوئی جب کہ اس موقع پر یادگار شہداء پر پھول بھی پیش کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی احمد عرفان اسلم تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ شرکاء کو مشق کے مقاصد اور مختلف پہلوؤں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ مشق کا مقصد سمندری جہازوں سے تیل بہنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کو بہتر بنانا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ سمندر میں تیل بہنے کی وجہ سے آبی حیات اور ماحول کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے نیشنل اسٹیک ہولڈرز کی باہمی کوارڈینیشن کو بہتر بنانا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کا مزید کہنا تھا کہ مشق کی افتتاحی تقریب میں سول و ملٹری حکام کے ساتھ نیشنل میری ٹائم اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔
