سی سی پی نے پاکستانی شِپنگ انڈسٹری میں مصروفِ عمل سنگاپور کی کمپنی میں شئیرہولڈنگ کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔
کمپٹیشن کَمِشن آف پاکستان (سی سی پی) نے گہرے سمندر میں کنٹینرز لائنر شِپنگ سروسز مارکیٹ میں دو کمپنیوں کے مرجر (انضمام) کی منظوری دیدی ہے۔
اِس مرجر کی منظوری سے پی آئی ایل ہولڈنگ پی ٹی ای لمیٹڈ نے پی آئی ایل، پی ٹی ای لمیٹڈ میں محدود شئیر ہولڈنگ حاصل کر لی ہے۔ یہ دونوں کمپنیز سنگاپور میں رجسٹرڈ ہیں۔
پی آئی ایل، پی ٹی ای کی پاکستان میں ایک اِن ڈائریکٹ ماتحت کمپنی پیسیفک ڈیلٹا شِپنگ کے نام سے کام کر رہی ہے۔
پیسیفک ڈیلٹا شِپنگ پاکستان میں نامزد مقامی ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور پی آئی ایل، پی ٹی ای کے لئے ترسیل اور کارگو کے انتظام میں مدد کرتا ہے۔ یہ مرجر پاکستان کے کارگو اور شِپمنٹ سیکٹر میں غیر مُلکی اداروں کی دِلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔
پی آئی ایل ہولڈنگ بنیادی طور پر سرمایہ کاری ہولڈنگ میں مصروف عمل ہے جبکہ پی آئی ایل، پی ٹی ای اِس وقت مشرق بعید ایشاء سے پاکستان کے راستے(چین ، ویتنام ،سنگاپُور ،ملائیشیا، سری لنکا، بھارت ، پاکستان) کام کر رہی ہے۔
یہ چین ، جنوب مشرقی ایشیا، افریقہ، مشرق وسطی،لاطینی امریکہ، اوشیانا اور بحرالکاہل کے جزائر میں موجودگی کے ساتھ ایک بین الاقوامی کیریئر کی مالک ہے۔
انضمام کی درخواست کے فیزون جائزے سے ظاہر ہوا کہ مجوزہ لین دین کے بعد متعلقہ مارکیٹ میں پی آئی ایل ہولڈنگ بالادست نہیں ہو گی۔ اس لیے سی سی پی نے انضمام کی اجازت دے دی ہے۔
