آج ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بھی خصوصی شرکت کی۔
ایس آئی ایف سی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزارت توانائی، وزارت آئی ٹی و سرمایہ کاری سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں صوبوں کو منتقل ہونے والے معاملات کے مشترکہ اخراجات، ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے اصلاحات، بجلی چوری کے خلاف اقدامات جبکہ دو آر ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری اور ڈسکوز کی مینجمنٹ میں نجی شعبے کی شمولیت پر بریفنگ دی گئی۔
منعقدہ اجلاس میں وزارت آئی ٹی، پیٹرولیم، غذائی تحفظ، آبی وسائل، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی نے بھی کمیٹی کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔
