رہنما تحریک انصاف زرتاج گل نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات کی معافی مانگتی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق زرتاج گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت الیکشن کی گہما گہمی ہے، پتا نہیں الیکشن لڑ رہی ہوں یا کوئی جنگ، میرے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں، ڈیرہ غازی خان میں الیکشن کمیشن کا عملہ یرغمال بنایا گیا تھا، وہاں جتنا کام میں نے کیا کسی اور نے نہیں کیا، الیکشن لڑنا میرا حق ہے، میں آئین و قانون پر اعتماد رکھتی ہوں، ساری فورس باہر مجھے گرفتار کرنے کھڑی ہے۔
زرتاج گل نے کہا کہ مجھے انصاف دیا جائے، مجھے ضمانت دی جائے اور پولیس کو میری گرفتاری سے روکا جائے، میرا گھر توڑ دیا گیا، کوئی بھی بنچ ہمارے لئے معزز ہیں، کسی بھی عدالت جا سکتی ہوں، پورا ملک ہمارا ہے، جس کورٹ کا بھی دروازہ کھٹکھائیں ہمیں انصاف دیا جائے، جب تک ضمانت نہیں ملتی یہاں سے نہیں جاونگی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں نہیں گھبرائی تو ووٹرز بھی نہ گھبرائیں، میں 9 مئی واقعات کی معافی مانگتی ہوں۔
