سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کی قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کے لیے کاغذاتِ نامزدگی پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے کے مطابق ریٹرننگ افسر نے فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے، ان پر دو ملین سے زائد رقم کی نادہندہ ہونے کا اعتراض داخل کیا گیا تھا، قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کیلئے فہمیدہ مرزا کے خلاف پیپلز پارٹی کی سعدیہ جاوید نے اعتراض داخل کیا تھا۔
فہمیدہ مرزا نے اپنے دفاع میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا یکم جنوری 2024 کا لیٹر پیش کیا تھا، اسٹیٹ بینک نے موقف اختیار کیا تھا کہ کمپنی نادہندہ ہے اور فہمیدہ مرزا ذاتی طور پر نادہندہ نہیں۔
فریقین کا موقف سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے فہمیدہ مرزا کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ فہمیدہ مرزا پرآئین کے آرٹیکل 63(1)(n) کا اطلاق ہوتا ہے۔
