اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کیلئے پرعزم ہے۔
صدر عارف علوی نے آج منائے جانے والے یوم حق خودارادیت کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ اس ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک کشمیری عوام کی ہماری مضبوط اور ثابت قدم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کے لئے پرعزم ہے۔
اس سے قبل یوم حق خود ارادیت کشمیر کے موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا تھا کہ ساڑھے سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام اپنے بنیادی حق کا استعمال نہیں کر سکے، بھارت جموں و کشمیر کے لوگوں پر ظلم و ستم جاری رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ 5 اگست 2019 سے، بھارت ایک شیطانی مشق میں مصروف ہے، جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کے ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنا اور کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انکار کی جانب ایک اور قدم ہے، ملکی قانون سازی اور انجینئرڈ عدالتی فیصلوں کے ذریعے کشمیریوں کی حقیقی امنگوں کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق سمیت ان کے حقوق کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں۔
