پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ کیس کے معاملے پر چیف سیکریٹری پنجاب نے سپریم کورٹ میں تفصیلی رپورٹ جمع کروا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے رپورٹ میں لکھا کہ حکومت پنجاب پر امن آزادانہ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے آنے والی ہدایت کو تمام ڈی ار اوز کو عملدرآمد کیلئے بھجوایا گیا، ہدایات ڈی ار اوز سمیت دیگر افسران کو بھجوائی گئیں تاکہ تمام امیدواران بلا خوف خطر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں۔
رپورٹ کے مطابق کاغذات نامزدگی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کی ہدایات کئیں گئیں، آرٹیکل 220 کے مطابق پر امن شفاف انتخابات کیلئے تمام ڈپٹی کمشنروں کو الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی ہدایت کی گئی، شعیب شاہین کی درخواست پر الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق وزارت داخلہ نے اقدامات کی ہدایات جاری کیں، لوکل گورنمنٹ پنجاب کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 85 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے، ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف سے وابستگی رکھنے والے 1195 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
جمع کی گئی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کا عمل جاری ہے، اب تک الیکشن ٹریبونلز کو اپروچ میں رکاوٹ کا کوئی واقع پیش نہیں آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فری فئیر اور شفاف انتخابات کیلئے تمام اضلاع میں انتخابات کے انعقاد کی ہینڈ بک مرتب کی گئیں ہیں، تمام ار اوز کو تمام امیدواران کو لیول پلئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی ہدایات کی گئیں، تمام امیدواران کے کاغذات نامزدگی کے جمع کروانے کے عمل کو یقینی بنایا گیا، تمام امیدواران کیلئے بلا تفریق اسکروٹنی کی گئی، امیدواران کو غیر قانونی طور گرفتار نہیں کیا گیا اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمروں کو لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
